رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتے ہیں لیکن اگر امریکہ نے ہم پر جارحیت کرنے کی حماقت کی تو ہم اپنے ملک کا بھر پور دفاع کریں گے.
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے ایران پر گزشتہ 40 سال سے پابندیاں عائد کر کے خود کو ایرانی مارکیٹ سے محروم کردیا ۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ کسی بھی دباؤ کے سامنے ہمارا آپشن مزاحمت ہے تاہم اگر امریکہ موجودہ صورتحال سے باہر نکلنے کیلیے ایک آبرومندانہ حل چاہتا ہے، تو وہ موجود ہے۔
یاد رہے کہ محمد جواد ظریف اقوام متحدہ کی سماجی اور اقتصادی کونسل کی سالانہ نشست میں شرکت کرنے کیلئے نیویارک کے دورے پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ، دورہ نیویارک کے اختتام کے بعد وینزویلا میں منعقد ہونے والے غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے کیراکس کا دورہ کریں گے جہاں وہ وینزویلا کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی محکمہ خارجہ کے مطابق، ظریف، دورہ وینزویلا کے اختتام کے بعد جنوبی امریکہ کے دو ممالک بشمول نکاراگوا اور بولیویا کا دورہ بھی کریں گے۔