رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ عزاداری سید الشہداءؑ منانا ہمارا قانونی و آئینی حق ہے، حکمرانوں کو چاہئے کے وہ جذبہ ایمانی کے ساتھ نواسہ رسول امام عالی مقام علیہ السلام کی عزاداری کے انعقاد میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
اجلاس میں محرم الحرام سے قبل سندھ بھر میں ہونے والی مجالس و جلوس عزا اور کراچی میں جاری صفائی بحران کے حوالے اور ان مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی نے کہا کہ محرم الحرام میں سندھ کے مختلف اضلاع میں عزاداری کی مجالس و جلوس عزاء کے روٹس پر زبوں حالی، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے ناقص انتظامات کو ختم کرنے کیلئے حکومت ایک جامع حکمت عملی ترتیب دے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم سندھ نے محرم الحرام میں سیکیورٹی اداروں کی معاونت اور مسائل کے حل کیلئے سندھ کے تمام اضلاع کا اجلاس جلد طلب کر لیا ہے، جس میں صوبائی سطح پر عزاداری سیل کا قیام عمل میں جائے گا اور اس حوالے سے ذمہ داروں کے نام صوبائی انتظامیہ کو بھیج دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم عزاداری سیل کے ذریعے صوبائی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر محرم الحرام میں مجالس و جلوس عزاء میں کسی بھی قسم کی مشکلات اور اس کے حل کیلئے مل کر خدمات انجام دے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہر جگہ کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے جمع پانی میں مکھی اور مچھروں کی بہتات سے شہری پریشان ہیں، جس سے وبائی امراض پھوٹ پڑے، شہری ہیضہ، ڈینگی، ملیریا اور جلدی امراض میں مبتلاہو رہے ہیں، حکومت کی جانب سے جراثیم کش اسپرے نہ ہونے سے صورتحال مزید سنگین تر ہو رہی ہے۔ علامہ باقر زیدی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کراچی میں اسپرے کروائے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم سندھ کی کابینہ کا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں چوہدری اظہر حسین، مولانا دوست علی سعیدی، مولانا نقی حیدری، منور جعفری، فدا حسینی، یعقوب حسینی، حیدر زیدی، ناصر الحسینی، ارشد اللہ سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔