رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے چھپن روز بعد بھی اس علاقے کے حالات معمول پر نہیں آسکے ہیں ۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیرکنٹرول جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والی آئین ہند کی دفعہ تین سو ستر کو منسوخ کرنے کے چھپن دن بعد بھی حالات بدستور کشیدہ ہیں اور معمول پر نہیں آسکے ہیں۔
یو این آئی کے مطابق وادی کے مختلف شہری کئی نشیبی علاقوں میں پتھراؤ کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لئے سیکورٹی دستوں نے آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا ۔ پتھراؤ میں دس سے زیادہ گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔
ہندوستان کے سرکاری ذرائع کا دعوی ہے کہ وادی میں کہیں بھی کرفیو جیسی پابندی نہیں ہے تاہم چار یا چار سے زیادہ افراد کے ایک ساتھ جمع ہونے سے روکنے کے لئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے اور موبائل اور انٹرنیٹ خدمات بھی معطل ہیں۔