رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطیب مسجد باب العلم علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ قرآن مجید کی توہین اور بےحرمتی انتہائی افسوسناک ہے، مسلمان کسی بھی صورت میں اس عظیم کتاب کی گستاخی کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا: آزادی رائے کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ کسی مذہب کے پیروکاران کو تکلیف پہنچائی جائے، ناروے حکومت اس حرکت پر معافی مانگے اور مجرمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ مسلم دنیا میں پھیلی ہوئی بےچینی کا خاتمہ ہو اور عالمی امن خطرے میں نہ پڑے۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ مسلمان مذہبی معملات میں انتہائی حساس ہیں اور کبھی دین اسلام، قرآن اور نبی کریم (ص) کی شان میں کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ حرکت کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے کہا کہ وہ عالمی سطح پر احتجاج کے ساتھ ساتھ ناروے حکومت سے اپنے سفیر کو واپس بلوائیں اور پاکستان میں ناروے کے سفارتخانے کو بند کیا جائے تاکہ بےچینی کا خاتمہ ہو اور احتجاج ریکارڈ ہو سکے۔/۹۸۹/ف