رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اسلامی مزاحمتی فورس انصاراللہ کی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ایک پیغام میں عراقی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے عراقی بھائی قابض قوتوں کو اپنے ملک سے ضرور نکال باہر کریں گے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ عراق خطے کے دفاعی توازن میں بہت اہم ہے جبکہ اس ملک میں آنے والی تبدیلیاں اور اس کی عقلمند و بیدار عوام خطے کا مستقبل بنانے میں بہت اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور وہ بھی ایک ایسے خظے میں جو مستقبل قریب میں امریکی قبضے سے آزاد ہوگا اور پھر عراق کے اندرونی معاملات میں ہرگز مداخلت نہیں کی جائیگی۔
انصاراللہ کی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ نے لکھا کہ قابض طاقتوں کے شوم معاہدوں سے رہائی بذات خود ایک کامیابی ہے، جو کسی قوم کی خود مختاری، اتحاد اور دلیرانہ جہادی جدودجہد کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے (عراقی) بھائی یہ کامیابی ضرور حاصل کر لیں گے، جیسا کہ انہوں نے اپنے (کامیاب) ملین مارچ کے ذریعے ثابت کر دیا ہے۔