رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق، – ایران کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی ووٹینگ کا سلسلہ اج صبح 8 بجے سے اغاز ہوا، عوام پورے جوش و خروش کیساتھ ووٹ ڈالنے میں مصروف ہوئی ۔
اس رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے گیارہویں صدارتی اور چوتھے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا سلسلہ آج 8 صبح بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ایرانی ووٹرز میں موجود خاص جوش و خروش قابل دید ہے ، ووٹینگ ٹائم سے پہلے ہی پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں، عوام میں اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، لمبی لمبی قطاریں بیانگر ہیں کہ گذشتہ الیکشن کی طرح الیکشن کمیشن ووٹینگ وقت بڑھانے پر مجبور ہو گا۔
اس الیکشن میں ایران کے کروڑوں ووٹرز اپنے حق رائے دہی کے ذریعہ آئندہ چار برسوں کیلئے نئے صدر جمھوریہ کو منتخب کریں گے۔
ایران کے صدارتی انتخابات میں کل آٹھ امیدوار میدان میں تھے جن میں سے دو امیدوار دستبردار ہوگئے اور یوں اب چھ امیدواروں کے ما بین کانٹے کا مقابلہ ہے۔ صدارتی انتخابات کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات بھی آج ہو رہے ہیں۔
انتخابات سے قبل کرائے جانے والی سروے رپورٹس کے مطابق گیارہویں صدارتی انتخابات میں رائے شماری کا تناسب 70 فیصد سے زیادہ ہوگا ۔
واضح رہے کہ ایران کے انتخاباتی قوانین کے تحت کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لئے پچاس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ بصورت دیگر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان ایک ہفتے کے اندر دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔
اگر صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوئے تو 21 جون کو دوسرے مرحلے کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔