‫‫کیٹیگری‬ :
16 June 2013 - 16:05
News ID: 5543
فونت
گیارہویں صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر؛
رسا نیوز ایجنسی – رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران نے گیارہویں صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم و منتخب صدر کو مبارکباد پیش کی ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامي


رسا نیوز ایجنسی کی رھبر معظم انقلاب اسلامی کی خبررساں سائٹ سے منقولہ رپورٹ کے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے گیارہویں صدارتی انتخابات اور شہری و دیہی کونسلوں کے چوتھے انتخابات میں عوام کی ولولہ انگیز اور بھر پور شرکت پر عوام کا سپاس و شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے نام اہم پیغام صادر کیا ہے۔

 

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں انتخابات میں ایران کے غیور اور مؤمن عوام کی وسیع اور بھر پور شرکت کی طرف اشارہ کیا اور انتخابات میں عوام کی عظیم شرکت کو دشمنوں و حاسدوں کے پروپیگنڈے اور ان کی بیہودہ تبلیغات کے سحر کوباطل کرنے اور عوام کی دینی عوامی حکومت پر صادقانہ تاکید اور ان کےسیاسی رشد و نمو کا مظہر قراردیتے ہوئے فرمایا: انتخابات میں حقیقی معنی میں ایران کی عظیم قوم کامیاب ہوئی ہے قوم نے اللہ تعالی کے فضل و رکم سے مضبوط اور استوار قدم اٹھایا اور اپنے ناقابل تسخیر گوہر، اور مصمم و بانشاط چہرے ، ایمان سے لبریز اور امید سے سرشار دل کو نمائش کے طور پرپیش کیا۔

 

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

 

ملت عزیز ایران!

 

24 خرداد مطابق 14 جون ، جمعہ کے دن انتخابات میں ولولہ انگیز سیاسی جہاد ایک عظیم اور شاندار امتحان تھا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کا پختہ،مصمم ، پرعزم اور امید افزا چہرہ دوستوں اور دشمنوں کے سامنے ایک بار پھر نمایاں ہوا، عوام کے اندر سیاسی بصیرت ،سیاسی رشد و نمو اور دینی عوامی حکومت پر اصرارایک درخشاں اور تابناک حقیقت ہے جسے آپ نے انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے ایک بار پھر عملی طور پر پایہ ثبوت تک پہنچا دیا اور اس طرح آپ نے دشمنوں اور حاسدوں کےبیہودہ اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا سحر باطل کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

اسلامی نظام کے ساتھ ایران اور ایرانی قوم کے مضبوط و مستحکم تعلق کو آپ کے عظیم رزم و جہاد نے تمام بد نیت افراد کے سامنے نمایاں کردیا جنھوں نے سیکڑوں سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی سازشوں کے ذریعہ اس مقدس اعتماد اور پاک تعلق کو توڑنے اور اسےکمزور کرنے کی بھر پورکوششیں کیں۔

 

ایران کی غیور و بہادر قوم نے کل کے انتخابات میں سامراجی اور تسلط پسند طاقتوں کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے میں عظیم ظرفیت ،متانت، خردمندی اور عقلمندی کا بہترین اور شاندار ثبوت پیش کیا۔ اور اپنے ملک، اپنے قومی مفادات، اور اپنے امید افزا مستقبل کو بیمہ کردیا۔

 

کل کے انتخابات میں ایرانی قوم حقیقی معنی میں کامیاب ہوئی ہے اور اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے اس نےمضبوط اور استوار قدم اٹھایا اور اپنے ناقابل تسخیر گوہر، اور مصمم و بانشاط چہرے اور ایمان و امید سے سرشار اور لبریز دل کو نمائش کے طور پرپیش کیا۔

 

میں خدا وند علیم و حکیم کی رحمت اور اس کے لطف و کرم  کے سامنے عجز و انکسار اور خضوع و خشوع کے ساتھ اپنی پیشانی اس کی بارگاہ میں شکر و سپاس کے لئے خم کرتا ہوں اور اپنے آپ کو اور آپ کو اس عظیم نعمت کی قدر و قیمت جاننے کے لئے اللہ تعالی کا شکر و سپاس ادا کرنے کی سفارش کرتا ہوں   اور حضرت ولی عصر امام زمانہ (عج) کی خدمت میں مخلصانہ سلام پیش کرتا ہوں۔ عزیز قوم اور منتخب صدر جناب حجۃ الاسلام آقائ حاج سیخ حسن روحانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی اور قوم کے ہر فرد کی خدمت میں چند نکات پیش کرتا ہوں:

 

1 : اب جبکہ سیاسی رزم و جہاد بروز جمعہ 24 خرداد مطابق 14 جون کو ایرانی قوم اور اسلامی جمہوری نظام کی فتح و کامیابی کے ساتھ  سرانجام کو پہنچ گیا ہے لہذا اب رقابت کے ولولہ انگیز ایام اور ہفتوں کو باہمی تعاون اور دوستی میں تبدیل کرنا چاہیے اور رقیب امیدواروں کے حامیوں کو حلم و بردباری، متانت و دانائی کے ساتھ اپنا شائستہ کردار ادا کرنا چاہیے اور ہر ایسے احساس، رفتار ، گفتار ، خوشی اور مسرت سے پرہیز کرنا چاہیے جو شان و عظمت اور انسانی شرافت و کرامت کے خلاف ہو اور عوام کے احساسات کے ساتھ بد نیت افراد کو کھیلنےکا موقع نہیں دینا چاہیے، انھیں پلید اہداف تک پہنچنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور دشمنوں کی سازشوں کو غیر مؤثر بنانے اور ملک کی سلامتی کے لئے قومی اتحاد و یکجہتی  پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے کیونکہ قومی اتحاد، اسلامی نظام کابہترین پشتپناہ ہے۔

 

2 : منتخب صدر پوری قوم کے صدر ہیں، اور سب کو چاہیے کہ وہ بڑے اہداف تک پہنچنے کے لئےصدر اور ان کے ساتھیوں کا بھر پور تعاون کریں اور ان کی متعہد حکومت جن منصوبوں اور پروگراموں پر کام کرنا چاہتی ہے سبھی اس میں ان کے ساتھ مخلصانہ مدد اور تعاون پیش کریں۔

 

3 : اب ہفتوں کی باتیں سننے کے بعد کام اور عمل کی باری ہے منتخب صدر کے پاس سرکاری طور پر ذمہ داری سنبھالنے تک اچھی خاصی فرصت باقی ہے اور اس  سے انھیں بہترین استفادہ کرنا چاہیے اور صدارتی عہدے کے آغاز پر جن اہم اور عظیم کاموں  کو انجام دینے کی ضرورت ہے ان کو کسی وقفہ کے بغیر شروع کردینا چاہیے۔

 

4 : دوسرے صدارتی امیدواروں کی شرکت اور ان کی تلاش و کوشش کے بغیر انتخاباتی جہاد کو عملی جامہ پہنانا ممکن نہیں تھا اور میں ان تمام افراد اور شخصیات کا مخلصانہ طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اس میدان مین قدم رکھا اور لوگوں کے اندر شوق و ولولہ پیدا کرنے کے سلسلے میں تلاش و کوشش کی ، میں انھیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ انقلاب اسلامی کے مختلف میدانوں میں اپنا بھر پورنقش ایفا کریں۔

 

5 : میں پوری قوم، بالخصوص مراجع عظام، علماء اعلام، سیاسی، ثقافتی اور یونیورسٹی کی ممتاز شخصیات کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ایک بار پھر تاریخی اور یادگار واقعہ رقم کرنے میں اپنا گرانقدر اور اہم نقش ایفا کیا۔ میں صدارتی انتخابات اور شہری اور دیہی کونسلوں کے انتخابات منعقد کرانے والے اہلکاروں بالخصوص وزارت داخلہ و گارڈین کونسل کے اہلکاروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے صبر و تحمل کے ساتھ اس سلسلے میں زحمات برداشت کیں اور اس سنگین بوجھ کو مکمل امانتداری کے ساتھ منزل مقصود تک پہنچایا اور سکیورٹی اہلکاروں اور ان کا تعاون کرنےوالےتمام اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ملک بھر کے دوردراز علاقوں میں  اس عظیم واقعہ کی حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو حسن و خوبی کےساتھ انجام دیا ،اور اللہ تعالی کی بارگاہ سےان کے لئے اجر و ثواب طلب کرتا ہوں۔

 

6 : قومی ریڈیو و ٹی وی کے اہلکاروں ، ہنرمندوں اور ماہرین کا شکریہ ادا کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں جنھوں نے اپنی خلاقانہ تدبیر کے ذریعہ صدارتی امیدواروں کے اہداف، افکار اور رجحانات کو صاف و صریح طور پر بیان کرنے اور دنیا کے سامنے اسلامی جمہوری نظام  کی طاقت و قدرت کو آشکار اور نمایاں کرنے کے سلسلےمیں اہم کردار ادا کیا۔ اللہ تعالی کی بارگاہ سے ان کے لئے اجر و ثواب اور توفیق طلب کرتا ہوں۔

 

آخرمیں اللہ تعالی کی اس عظیم نعمت پر خضوع و خوشوع کے ساتھ اس کا شکر و سپاس ادا کرتا ہوں۔ حضرت امام (رہ) ، شہداء اور جانبازوں کو خراج تحسین  پیش کرتا ہوں اور ملک و قوم کے بہتر اوردرخشاں مستقبل کے لئے  اللہ تعالی سے استدعا کرتا ہوں۔

 

السّلام علیکم و رحمه الله


سیّدعلی خامنه ای


25 خرداد ماه 1392 / مطابق 15 جون 2013 ء
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬