رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان کے پرنسپل سکریٹری سکندر گیلانی نے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر ساجد علی ثمر اور سینئر نائب صدر عبد اللہ رضا سے ہونے والی ملاقات میں اپنے آپ کو تعلیمی میدانوں کا سپہ سالار بنانے کا مطالبہ کیا ۔
گیلانی نے یہ کہتے ہوئے کہ جوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ طلبہ سے ہماری امیدیں وابستہ ہیں کہا: اس ملک کی تقدیر اور اس کی ترقی کا دارومدار آپ طلبہ ہی پر ہے ، آپ اپنے آپ کو تعلیمی میدانوں کے شہسوار بنائیں اور تعلیم کے ہر شعبہ میں نمایاں کارکردگی انجام دیں ۔
انہوں ںے یہ کہتے ہوئے کہ آج ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ختم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں کہا: ہم شیعوں نے اس ملک کو بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور آج بھی ہم اس کو بچانے کے لیے اپنے تن من کی بازی لگانے کو حاضر ہیں ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان کے پرنسپل سکریٹری نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دشمن اگر یہ سمجھتا ہے کہ ہم نے اس ملک کے نوجوان طبقہ کو گمراہ کر لیا ہے تو یہ اس کی بھول ہے کہا: آج جے ایس او پاکستان کے جوان پورے ملک میں نوجوانوں کی بیداری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور مرکز کی طرف سے دئے گئے پیغامات کو عوام الناس تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا: آپ اپنے نوجوانوں کو اس طرح تیار کریں کے ملک کی اہم پوسٹوں پر جے ایس او کا تربیت یافتہ نوجوان نظر آئیں ۔