رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دار الحکومت تہران کے امام جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اس ھفتہ نماز جمعہ کے خطبہ میں جو سیکڑوں نماز گزاروں کی شرکت میں منعقد ہوا امریکہ کو دنیا کا سب سے زیادہ سرکش اور دھشت گردی کا حامی ملک بتایا ۔
انہوں نے یمن میں آل سعود اور ان کے اتحادیوں کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا : یمن کے عوام ایک جائز اور منطقی مطالبہ کر رہے ہیں اور وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کا فیصلہ امریکہ کرے-
تہران کے امام جمعہ نے سعودی عرب کے ہاتھوں یمن کے تین ہزار سے زیادہ افراد کے قتل عام اور ان کی بنیادی تنصیبات پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا : یہ مظالم، فلسطین میں صیہونیوں کے جرائم جیسے ہیں اور ان کا ہدف اسرائیل اور مغربی سامراج کے مقاصد پورے کرنا ہے-
انہوں نے نے یمن میں بے گناہ عوام کے قتل عام پر اقوام متحدہ اور دوسرے بین الاقوامی اداروں کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا : سلامتی کونسل مظلوم کی حمایت کے بجائے ظالم کے جرائم کے لئے قانونی جواز فراہم کر رہی ہے اس بنا پر قوموں کو اب کسی ایسے ادارے کی تشکیل کے بارے میں سوچنا چاہئے جو ظالموں کے سامنے کھڑا ہو سکے-
آیت اللہ خاتمی نے مختلف ملکوں میں امریکی مداخلت اور اس کی جانب سے یمن و شام میں قتل عام کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی : امریکہ، دنیا کا سب سے زیادہ سرکش ملک ہونے کی حیثیت سے ہر علاقے میں جنگ کی آگ بھڑکا رہا ہے اور اپنے عوام پر بھی ظلم کر رہا ہے-
انہوں نے ایران کے خلاف بعض امریکی حکام کی دھمکیوں اور بقول ان کے فوجی آپشن کے میز پر ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا : اگر ایران کے خلاف جارحیت ہوئی تو ملت ایران خاموش نہیں بیٹھے گی اور جس طرح مقدس دفاع کے دوران وہ عراق کی بعثی حکومت کے سامنے ڈٹ گئی تھی اسی طرح اس بار بھی جارح کا منھ توڑ جواب دے گی اور پشیمانی، جارح کا مقدر بن جائے گی-
تہران کے امام جمعہ نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران کی ایٹمی مذاکرات کار ٹیم کو ملت ایران کی عظمت و حقوق کا دفاع کرنے کی نصیحت کی اور کہا: امریکی صدر کے فیصلے اور کانگریس کے بل ایران کے عوام کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے اور ملت ایران ترقی و پیشرفت کی راہ پر گامزن رہے گی-
انہوں نے مغرب خصوصا امریکہ کی جانب سے عراق کی تقسیم سمیت اسلامی ممالک میں تفرقہ ڈالنے کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا : عراقی قوم اور حکومت اس طرح کی سازشوں سے واقف ہے اور اس کے مقابلے میں ڈٹی رہے گی کیونکہ وہ جانتی ہے کہ ان کی عظمت کا راز استقامت و پائداری میں ہے-
واضح رہے کہ آج پورے ایران میں نماز جمعہ کے موقع پر سعودیوں کے ہاتھوں یمن کے مظلوم اور بے گناہ عوام عوام کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے کہ جن میں لاکھوں کی تعداد میں ایران کے عوام نے شرکت کی-