رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کراچی میں 24گھنٹوں کے دوران نجی نیوز چینل کی ڈی ایس این جی پر فائرنگ کے نتیجہ میں سیٹلائٹ انجینئر ارشد جعفری اور سینئر جرنلسٹ آفتاب عالم کے قتل پر صحافی برادری سے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے دونوںواقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔
انہوں نے اس قتل میں ملوس قاتلوں کے ساتھ ساتھ پشت پردہ افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا : صحافی برادری کے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان برابر کے شریک ہیں ۔
حجت الاسلام واحدی نے کہا : کراچی کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے باوجود اس قسم کے واقعات کا ہو نا ریاستی اداروں کی کارکر دگی پر سوالیہ نشان ہے ۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : کراچی کے صحافی عرصہ دراز سے عدم تحفظ کا شکارہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : صحافت سے منسلک افراد قومی سرمایہ ہیں ان کا اس طرح سے قتل کیا جانا قابل مذمت ہے اورملک کی آزاد میڈیا کی آواز کو دبانے کے مترادف ہی۔
انہوں نے کہا : شعبہ صحافت سے منسلک لوگ اس مشکل گھڑی میں بھی اپنی قیمتی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سر انجام دے رہے ہیں۔حکومت میڈیا سے وابستہ افراد کے جانوں کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کرئے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی کراچی میں فائرنگ کے نتیجہ میں دو صحافیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکے لواحقین اور پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔