رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدر حجت الاسلام قاضی سید نیاز حسین نقوی نے علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں تقریر کرتے ہوئے کہا: انسان مولائے کائنات علی ابن ابی طالب علیھما السلام کے اوصاف و کمالات اور آپ کی عظمت کے ادراک سے عاجز ہے ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ جانشین رسول(ص) امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی پیدائش پر اللہ تعالیٰ نے اپنے قوانین تبدیلی کئے اور آپ کی والدہ ماجدہ کی دعا سے دیوار کعبہ شق ہوئی کہ جو تاریخ کا پہلا اور آخری واقعہ ہے کہا: پیغمبر گرامی قدر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کے بعد امیرالمومنین علی علیہ السلام تمام انبیاء و مرسلین علیہم السلام پر فضیلت رکھتے ہیں ان کے صفات و کمالات اور ان کی عظمتوں کا بیان انسان کے بس کی بات نہیں ہے ۔
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے کرپشن پر فوجی افسران کو برطرف کر کے گھر سے احتساب کا عمل شروع کرنا قابل تعریف جانا اور کہا: برسر اقتدار حکومت کے افراد کو بھی اس کی پیروی کرتے ہوئے خود احتسابی کیلئے پیش کرنا چاہئے ۔
انہوں نے مزید کہا: پانامہ لیکس ملک پر بدنما داغ ہے تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔