رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری کے دھرنے اور بھوک ہڑتال سے پاکستان کی مختلف شیعہ و سنی شخصیتوں اور جماعتوں نے اپنی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر ان کے قانونی مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ بھی بھوک ہڑتالی کیمپ میں حاضر ہوں گے ۔
اس رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل ، سنی اتحاد کونسل، پاکستان عوامی تحریک، جمعیت علماء پاکستان نیازی گروپ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، البصیرہ ریسرچ سنٹر، تحریک القائم اور دیگر ماتمی انجمنوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں آکر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات و گفتگو کے بعد ان کی تحریک سے اپنی حمایت کا اعلان کیا ۔
واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے فرقہ وارانہ دہشتگردی، ناجائز ایف آرز سمیت دیگر مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی ہے اور وہ مطالبات کی تکمیل تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے پر مصر ہیں ۔