رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے صوبہ الانبار میں واقع فلوجہ کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزادی کی خبر سنتے ہی دارالحکومت بغداد اور دوسرے شہروں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے فلوجہ آپریشن میں عراقی فوج کی کامیابی کا جشن منایا ۔
عراق کے شہریوں نے اپنے ملک کی مسلح فوج اور عوامی رضاکار فورس کو فلوجہ کی آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فلوجہ کی آزادی میں الحشد الشعبی کے کردار کو سراہا نیز فلوجہ کے سیکڑوں خاندانوں کی جانیں بچانے اور ان کو محفوظ مقامات پر پہنچانے پر مبنی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے اقدام کی تعریف کی ۔
عراقی سیکورٹی فورسز نے فلوجہ میں واقع گورنر ہاؤس میں دہشت گردوں پر اپنی فتح کا جشن منایا ۔
دوسری جانب عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے فلوجہ شہر کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ فلوجہ کا مرکزی علاقہ عراق کی سیکورٹی فورسز کے کنٹرول میں آگیا ہے اور یہ شہر آزاد ہو گیا ہے ۔
حیدرالعبادی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز کا آئندہ منصوبہ موصل شہر کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانا ہے کہا: عراق کی سیکورٹی فورسز نے فلوجہ کی آزادی پر مبنی اپنے وعدہ وفا کیا ہے نیز تمام عراقی فلوجہ کی آزادی میں برابر کے شریک ہیں ۔
عراقی وزیر اعظم نے فلوجہ کی آزادی سے متعلق دینی علمائے کرام خصوصا آیت اللہ سیستانی کی ہدایات کو موثر اور اہم قرار دیا ۔
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری اور ملک کی دیگر مختلف سیاسی شخصیات نے بھی فلوجہ کی آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے ۔