09 August 2016 - 22:07
News ID: 422599
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان:
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا : دہشتگردوں نے کوئٹہ کے سول ہسپتال پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام ساجد نقوی نے کوئٹہ ہسپتال بم دھماکا کی شدید الفاظ میں مذمت اور بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا : دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک امن ممکن نہیں ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : دہشتگردوں نے کوئٹہ کے سول ہسپتال پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے ۔ واقعہ میں ملوث افراد کا سراغ لگا کر واقعہ میں ملوث درندہ صفت افراد اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر واقعی سزا دی جائے ۔

حجت الاسلام ساجد نقوی نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : اگر ریاستی اداروں نے کوئٹہ سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں ہونے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث افراد کو تختہ دار پر لٹکایا ہوتا اور پس پردہ محرکات و حقائق عوام کے سامنے لائے جاتے تو آج جو ملک کی صورتحال ہے وہ نہ ہو تی ۔

انہوں نے کہا : اس ملک میں دن دیہاڑے تمام لوگوں کی نظروں کے سامنے ڈی آئی خان جیل توڑی گئی، بے گناہ لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا لیکن حکومت اور ادارے ٹس سے مس نہ ہوئے جیسا کہ کیڑے مکوڑے مارے گئے ہوں۔ اس طرح کے سینکڑوں واقعات ہوتے رہے جن سے ملک تباہ و برباد کردیا گیا لیکن کسی کو جنبش تک نہ ہوئی۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے تاکید کی : ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ تاریک راہوں میں لوگ مارے جاتے رہے، قتل عام ہوتا رہا، ٹارگٹ کلنگ اپنے عروج پر رہی، ٹارگٹ کلرز آناً فاناً آتے اور نشانہ بناتے رہے اور بچ نکلنے میں کامیاب ہوتے رہے۔ لیکن معلوم نہ ہوسکا وہ کہاں سے آئے اور کہاں گئے ، نا معلوم افراد کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا رہالیکن آج تک عوام کو حقیقت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا : اب ریاستی اداروں کو ملک کی بقا کےلئے جرات مندانہ اقدام اُٹھانا ہو گا پہلے مرحلہ میں اپنا قبلہ درست کرنا ہو گا اوران ملک دشمن عناصر کی جڑوں کو ختم کرنا ہو گا اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ سول ہسپتال بم دھماکا سمیت ملک میں جاری دہشت گردی اور ان میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے بارے تلخ حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے ۔

حجت الاسلام ساجد نقوی نے شہید وکلا اور دیگر شہداء کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمانے اور خود کش حملے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعافرمائی ۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬