09 August 2016 - 22:32
News ID: 422601
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری:
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : ریاستی ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ۔
حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری نے کوئٹہ سول اسپتال میں فائرنگ اور بم دھماکوں کے نتیجے میں بے گناہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر تے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا : اس دلسوز واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بلوچستان میں تکفیری گروہوں کی سرگرمیاں شدت پکڑتی جا رہی ہیں۔ اس واقعہ کے ذمہ دار وہی عناصر ہیں جو شیعہ قتل عام میں بھی ملوث رہے ہیں۔ کالعدم جماعتوں کی بیہمانہ کاروائیوں پر حکومتی غفلت ایسے سانحات کا باعث بنی ہوئی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : ریاستی ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے زبانی دعوے کبھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتے ۔ حکومت کو اب عملی اور فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کرنا ہو گا۔ اس واقعہ کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : وکلا، صحافی، انجینئرز، ڈاکٹر اور دیگر شعبوں کے ماہرین ملک و قوم کا اثاثہ ہیں۔ اس اثاثے کو اس طرح دہشت گردی کی بھینٹ نہ چڑھنے دیا جائے۔

راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا : بلوچستان کی ترقی و استحکام کو سازشوں کی نذر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک دشمن طاقتیں اس صوبے میں احساس محرومی اور پسماندگی کا رونا رو کر وطن عزیز کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہیں اور اب ان کی نظر میں گوادر پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہدری کھٹک رہی ہے۔

وحدت مسلمین کے سربراہ نے بیان کیا : صوبے میں موجود کالعدم مذہبی جماعتیں اور تکفیری گروہوں ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ جب تک ان کی بیخ کنی نہیں ہوتی تب تک صوبے میں امن و امان کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا : اس طرح کے واقعات ملکی سالمیت اور بقا کے لیے شدید ترین خطرہ ہیں۔ ریاست اور اس کے شہریوں کی حفاظت کا واحد حل دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا تدارک ہے۔

حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری نے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ مختلف علاقوں میں سانحہ کوئٹہ کے شہد اء کی یاد میں چراغاں کیا جائے ۔اور انہوں نے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬