رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس کی ہدایات پر ملک بھر میں یوم آزادی روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔
اس سلسلہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مختلف دفاتر میں تقاریب منعقد کی گئیں جہاں وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئی اور کیک کاٹے گئے۔
جماعت کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر قومی پرچم بھی لہرائے گئےاور کیک بھی کاٹے گئے۔احتجاجی کیمپ میں کیک کاٹنے کی تقریب میں مرکزی رہنمائوں حجت الاسلام اعجاز بہشتی، حجت الاسلام عبدالخالق اسدی، حجت الاسلام اصغر عسکری ،حجت الاسلام علی شیر انصاری اور کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مختار امامی کی قیادت میں علما ء کے ایک اعلی سطح وفد نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس کے علاوہ کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور ،کوئٹہ ، مظفرآبادو گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے یوم آزادی کے سلسلے میں ریلیاں نکالیں۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وطن عزیز کی قدر و منزلت، ارض پاک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیوں اور ملک کی ترقی و ا ستحکام کے لیے انفرادی ذمہ داریوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔