17 August 2016 - 17:13
News ID: 422670
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری:
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا : تسلیم شدہ مطالبات پر عمل درآمد میں حکومتی سست روی ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے ۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے نیشنل پریس کلب پر قائم تحفظ پاکستان احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : اگر ہمارے مطالبات پر وعدے کے مطابق عمل نہ کیا گیا تو پھر ۲ستمبر کو وزیر اعلیٰ ہاوس پنجاب کے سامنے دھرنا دیا جائے گا ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : جس میں میرے سمیت تمام مرکزی رہنما اور ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد شامل ہو گی ۔ حکومت کسی مغالطے میں نہ رہے۔ ہمارا احتجاجی کیمپ ابھی تک قائم ہے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا : تسلیم شدہ مطالبات پر  عمل درآمد میں حکومتی سست روی ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے ۔ حکومت فوری طور پر ہمارے تحفظات کا ازالہ کرے۔

نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں حجت الاسلام ناصر عباس نے کہا : جب تک اس کے تمام نکات پر عمل نہیں کیا جاتا تب تک دہشت گردی کے خلاف مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا : عوام کو لفظوں کے ہیر پھیر میں الجھانے کا وقت اب گزر چکا ہے۔ اب ملکی حالات عملی اقدامات کا تقاضہ کر رہے ہیں۔ضرب عضب کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

 تحریک انصاف کے سربراہ کے حوالے سے راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : اپنے صوبے کے لوگوں کو نظر انداز کرنےکی پالیسی عمران خان کے لیے سیاسی نقصان کا باعث بنے گی ۔ خیبرپختونخواہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد شہدا کے گھروں کی طرف جانے کے لیے عمران خان کے پاس وقت نہیں ۔

انہوں نے کہا : یہ طرز عمل عوام کے لیے تکلیف اور اضطراب کا باعث ہے۔ عمران خان کو اپنے رویہ پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا : نریندر مودی پاکستان کے معاملات میں مداخلت کر کے خطے کی صورتحال خراب کرنا چاہتا ہے۔ کشمیر ، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم کا حالیہ خطاب پاکستان کے داخلی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا : مودی کی تقریر سے پاکستان میں جاری دہشت گردی کے محرکات واضح ہو چکے ہیں۔اب مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔ بھارت کی اس سنگین سفارتی خلاف ورزی کے حوالے سے عالمی فورمز پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے بیان کیا : مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ننگی جارحیت نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ بھارتی افواج کی وحشیانہ درندگی کے مناظر میڈیا پر موجود ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس زیادتی کا سختی سے نوٹس لیں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬