یمن کے حملہ میں سعودی عرب کے متعدد فوجی ہلاک
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ایک جوابی حملے میں سعودی عرب کے دسیوں فوجی ہلاک ہو گئے۔
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی فورس اور فوج نے سعودی جارحین کے خلاف جوابی کاروائی کرتے ہوئے صوبہ مآرب میں الفلج فوجی چھاؤنی پر میزائل داغا جس کے نتیجے میں وہاں موجود متعدد سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق الفلج فوجی چھاؤنی کو سابق مفرور صدر منصور ہادی اور سعودی عرب کے فوجیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
یمن کے فوجی ذرائع کے مطابق الفلج چھاؤنی میں سعودی فوجیوں کی موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد یہ میزائل فائر کیا جو اپنے ہدف پر جا کر لگا۔
فوجی ذریعے کا کہنا ہے : اس حملے میں بڑی تعداد میں دشمن کے فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔
یمن کی فوج کے میزائلی یونٹ کو تحریک انصاراللہ کے جوانوں کی حمایت حاصل ہے۔ ہفتے کے روز بھی سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران میں واقع ایک ایئربیس کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی فورسز کے حملے میں دشمن کے تین بلڈوزر تباہ اور متعدد سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
سعودی اتحاد کے زمینی اور ہوائی حملوں کو پسپا کرتے ہوئے یمنی فورسز نے پیر کے روز سعودی عرب کے آپاچی قسم کے ایک جنگی ہیلی کاپٹر کو بھی مار گرایا تھا۔
واضح رہے کہ یمن کے نہتے عوام کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔