ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے پائین شہر کے علاقوں میں اکیاون روز کے بعد کرفیو ہٹنے کے چند ہی گھنٹے بعد شدید احتجاجی مظاہرے ہونے کے بعد دوبارہ کرفیو لگا دیا۔
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے پائین شہر کے علاقوں میں اکیاون روز کے بعد کرفیو ہٹنے کے چند ہی گھنٹے بعد شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے جس کے بعد حکام نے دوبارہ غیر اعلانیہ کرفیو لگا دیا۔
سری نگر میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پائین شہر کے نوہٹہ اور ایم آر گنج کو چھوڑ کر دوسرے علاقوں سے کرفیو ہٹانے کے بعد صرف دفعہ ایک سو چوالیس سی آر پی سی کے تحت پابندی جاری رکھی گئی ہے۔
خبروں میں بیان ہوا ہے : خانیار، عناوری اور پائین شہر کے دیگر علاقوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے شروع ہونے کے بعد کسی بھی شہری کو اس کے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق کرفیو ہٹائے جانے کا اعلان اگرچہ سرکاری طور پر کیا گیا ہے لیکن بیشتر علاقوں میں تشدد بھڑک اٹھنے کے بعد غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا گیا اور گاڑیوں کی آمد و رفت پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی۔
سری نگر کے پائین شہر علاقوں اور جنوبی کشمیر کے بھی متعدد علاقوں میں زبردست پرتشدد مظاہرے ہوئے جن کے دوران بہت سے افراد زخمی ہو گئے۔