رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ٹرانسپورٹ کے وزیر اسرائیل کاٹس نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کو بہت جلد ریلوے کے ذریعے اردن سمیت دیگر عرب ملکوں سے جوڑ دیا جائے گا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کاٹس نے مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) میں ایک نئے ریلوے ٹریک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا : اسرائیلی ریلوے لائن کو اردن اور دیگر عرب ملکوں سے متصل کئے جانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل کاٹس کے اس بیان سے متعلق دیگر تفصیلات تو سامنے نہیں آ سکی ہیں تاہم باخبر حلقوں کا کہنا ہے جنرل " انورعشقی" کی قیادت میں ایک سعودی وفد کے اسرائیل کے دورے کی خبروں کے منظر عام پر آنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ عرب ملکوں کے تعلقات کو معمول پر لائے جانے کے عمل میں خاصی تیزی آ گئی ہے۔
باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور اردن جیسے سازشی ممالک تل ابیب کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں کہ جس پر حماس سمیت دیگر کئی فلسطینی تنظیموں نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔