10 September 2016 - 23:05
News ID: 423154
فونت
ڈاکٹر طاہرالقادری:
عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا : شریف فیملی کی ملوں میں آنے والے ہندوستانیوں کی چھان بین کیوں نہیں کی جاتی ۔
ڈاکٹر طاہر القادری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : پنجاب حکومت صوبے میں رینجرز اور فوج کے آپریشن کی اجازت اس لئے نہیں دیتی کیونکہ پنجاب میں آپریشن ہوا تو وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان اورشریف برادران کی شوگر ملوں سے ہندوستانی جاسوس نکلیں گے ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ان کی شوگر ملوں میں ۳۰۰ ہندوستانی کام کررہے ہیں۔ شریف حکومت نے ۳۰۰ ہندوستانیوں کو ملٹی پل ویزے دیئے جنہیں انجینئرز، ٹیکنیشنز اور ویلڈرز کے نام پر انہیں پاکستان لایا گیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا : شریف فیملی کی ملوں میں آنے والے ہندوستانیوں کی چھان بین کیوں نہیں کی جاتی، واہگہ بارڈر پر ان ہندوستانیوں کو خصوصی پروٹوکول ملتا ہے اور ان کی تلاشی نہیں ہوتی، ان کی پوری ٹریول ہسٹری ہے جو ایف آئی اے کے پاس ہے مگر ایف آئی اے کا سربراہ بھی ان کا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا : شریف برادران نے آج تک میری بات کی تردید نہیں کی، وفاقی حکومت کی خاموشی میری بات کو تسلیم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا : کسی کی پیشانی پر نہیں لکھا ہوتا وہ جاسوس ہے، اگر ہندوستانی شہری جاسوس نہیں تو ان کی چیکنگ کیوں نہیں کی جاتی، ادھر دہشت گردی ہورہی ہے، کراچی اور سندھ میں رینجرز آپریشن کررہی ہے، کورکمانڈر لاہور نے پنجاب میں رینجرز آپریشن کی ڈیمانڈ کی جسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، کراچی اور سندھ میں بار بار آپریشن کا ٹائم ملتا ہے اور اس کے لیے اسلام آباد بھی بولتا ہے لیکن پنجاب کے وزیراعلیٰ صوبے میں رینجرز آپریشن کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ کیا وہ دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں؟

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا : دہشت گرد پنجاب کو عزیز کیوں ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت انہیں کیوں تحفظ دے رہی ہے، اصل خطرہ یہ ہے کہ جس دن فوج نے دہشت گرد اٹھالیے وہ ان کے گھر تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا : پنجاب میں ہندوستانیوں کو تحفظ دینا اس انویسمنٹ کا صلہ ہے جو ۴ سال تک ہندوستان کی طرف سے  نوازشریف کو اقتدار میں لانے کے لیے ہوتی رہی ہے۔

واضح رہے کہ ادھر ترجمان شریف فیملی نے طاہرالقادری کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف فیملی کی شوگر مل میں کوئی ہندوستانی کام نہیں کرتا۔/۹۸۸/الف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬