رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج نے لییبا میں ان دونوں پروفیسروں کی رہائی کی اطلاع دی ۔
ہندوستانی وزیرخارجہ نے جنوبی ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ان دونوں پروفیسروں کے اہل خانہ کو ان کی رہائی کی باضابطہ طور پر اطلاع دی ۔
سشماسوراج نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ مجھے آپ کو بتاتے ہوئے یہ خوشی ہورہی ہے کہ لیبیا میں انتیس جولائی دوہزار پندرہ کو اغوا کئےگئے آندھرا پردیش کے ٹی گوپالاکرشنا اور تلنگانہ کے بلرام کشن کو آزاد کرا لیا گیا ہے ۔
ہندوستان کے یہ دونوں پروفیسر لیبیا کے شہر سرت یونیورسٹی میں پڑھاتے تھے اور انتیس جولائی دوہزار پندرہ کو جب یہ دونوں ہندوستان واپس لوٹنے کے لئے سرت سے طرابلس ہوائی اڈے کی جانب جا رہے تھے اسی وقت داعش کے افراد نے انہیں راستے میں اغوا کرلیا تھا ۔
رہا ہونے والے ایک پروفیسر گوپال کرشنا کی اہلیہ نے بھی بتایا ہے کہ ان کے شوہر نے بدھ کی رات ان سے فون پر رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ بخیریت رہا ہوگئے ہیں ۔
ان دونوں پروفیسروں کے گھر والوں نے اپنے عزیروں کی رہائی کی کوشش کرنے پرحکومت ہندوستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ البتہ ان کا کہنا ہے کہ ابھی انہیں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ کب واپس ہندوستان پہنچیں گے ۔
انتیس جولائی دوہزار پندرہ کو داعش کے عناصر نے لیبیا میں بیک وقت چار ہندوستانی شہریوں کو اغوا کیا تھا جن میں سے دو کو کچھ ہی عرصے بعد رہا کردیا تھا ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/