
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل دس نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ساتھ ممکنہ جنگ کے سینیریو کے بارے میں اپنے تازہ ترین جائزے میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کی میزائلی قوت کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔
اسرائیلی فوج نے اعتراف کیاہے کہ جنگ کی صورت میں اسرائیل کو حزب اللہ کے دس ہزار میزائلوں کا نشانہ بننا پڑے گا اور اسرائیلی فوج اس کا مقابلہ نہیں کرسکے گی ۔
اسرائیل کے مذکورہ ٹیلی ویژن چینل نے اپنے تجزئے میں کہا ہے کہ اس سینیریو کی بدترین حالت یہ ہے کہ اسرائیل دیگر محاذوں پر بھی جنگ شروع کردے گا۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں حزب اللہ کے درمیانہ فاصلے تک مارکرنے والے اور دور مار میزائل اسرائیل میں فائرہوں گے اور آہنین گنبد بھی اتنی زیادہ مقدار میں میزائلوں کے حملوں کو نہیں روک سکے گا ۔
اسرائیلی فوج نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہےکہ جنگ کی صورت میں حزب اللہ کی رضوان بریگیڈ مقبوضہ علاقوں میں داخل ہوکر اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر کنٹرول کرلے گی ۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ حزب اللہ کے پاس سیکڑوں ڈرون طیارے ہیں جن میں سے بہت سے ایسے بھی ہیں جو حملے کرنے کی بھی توانائی رکھتے ہیں ۔
اسرائیلی فوج کا یہ اعترافی بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے چند ہفتے قبل تنیتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ حزب اللہ کے میزائل صیہونی حکومت کے زیرقبضہ سبھی علاقوں کو نشانہ بناسکتےہیں۔ میں یہ بات پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ اسرائیل مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے ۔/۹۸۸/۹۴۰/