رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : بھارت دانستہ طور پر خطے کے حالات کو بگاڑنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی سیاہ داستانیں رقم کرنے والے بھارت کا واویلا چور مچائے شور کے سوا کچھ بھی نہیں۔ عالمی طاقتیں بھارتی مکاری سے بخوبی آگاہ ہیں وہ اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے بیان کیا : پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور افواج پاک کا شمار دنیا کی بہترین سپاہ میں ہوتا ہے ارض پاک کو ترنوالہ سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں نکلتے ہیں۔
انہوں نے کہا : پاکستان کی طرف پیش قدمی کی کوئی بھی کوشش ہندوستان کی تباہی ثابت ہوگی۔ ہماری آرمی اور پاکستان کے بیس کروڑ عوام پاکستان کا مضبوط دفاع ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کو کچلنے کا بھرپور عزم اور مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت آگ و خون کے کسی بھی کھیل سے باز رہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے بیان کیا : وزارت عظمیٰ کے منصب نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے سر کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے بیانات اور اقدامات سیاسی عقل و شعور سے عاری ہوتے ہیں۔بھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ان شرپسندوں او سازشی عناصر کی کارستانی ہے جو خطے میں امن کا قیام نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا : ہندوستان میں کسی بھی شر پسندی کے واقعہ کے فورا بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر فوری الزام لگایا جانا سفارتی اصولوں کے خلاف اور بھارت کے حکمرانوں کی پاکستان دشمن ذہنیت کو آشکار کرتا ہے۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے تاکید کی : بھارت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ امن کے سوا کوئی دوسرا آپشن کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔اس لیے دو طرفہ تعلقات کی بہتری پر توجہ دی جانی چاہیے۔ /۹۴۰/۹۸۹/