رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں بین الاقوامی سیمینار بعنوان عصر حاضر میں صوفیاء کرام کا علمی اور سماجی کردار منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کی۔
انہوں نے سمینیار میں خطاب کرتے ہوئے کہا : صوفیاء کرام وہ عظیم شخصیات ہیں جنہوں نے اسلام کی حقانیت، اثر انگیزی اور محبت و اخوت کو اپنے سیرت و کردار سے واضح کیا اور بکھرے ہوئے مسلمانوں کو ہمیشہ ایک ہونے کا درس دیا، غیر مسلموں کو اپنے کردار و عمل سے اسلام میں داخل کیا۔
سمینار کے مہمان خصوصی جج شریعت کورٹ لبنان ڈاکٹر اسامہ عبد الرزاق رفاعی نے کہا : تمام قدیم علماء، فقہاء مفتیان اور آئمہ شریعت بیک وقت عالم اورصوفی تھے، انہوں نے اسلام کی تعلیمات کا درس بھی دیا اور خود اس پر عمل کرنے کی عملی تصویر بھی پیش کی۔
چیئرمین مسلم ہینڈز لخت حسنین نے کہا : تحقیق کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ صوفیا نے اسلام پوری دنیا میں پھیلایا۔
اس موقع پر سیمینار کے مہتمم ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورئنٹل لرننگ ڈاکٹر ہمایوں عباس بھی موجود تھے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/