رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے جنگی طیاروں کے موصل شہر پر ہوائی حملوں میں داعش کے دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق موصل میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی جنگی طیاروں کی بمباری میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور پچھتر زخمی ہو گئے ہیں۔ ان حملوں میں دہشت گردوں کا بہت سا اسلحہ اور جنگی سازوسامان بھی تباہ ہو گیا۔
صیہونی تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف عراقی فوج کے آپریشن میں الطہراویہ اور الموفقیہ دیہاتوں اور جنینمان کیمپ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔
عراقی فوج کے جنگی طیاروں نے اسی طرح موصل کے مشرق میں کوکجلی کے علاقے میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔
عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے صوبہ الانبار کے شہر الرطبہ کی مقامی کونسل کے ایک رکن سمیت اس شہر کے کئی باشندوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
دوسری جانب عراقی فوج کے جنگی طیاروں نے عکاشات کے علاقے سے الرطبہ کی طرف جانے والی داعش کی پچیس فوجی اور بکتربند گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/