رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام اقبال بہشتی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف سنجیدہ اور مصلحتوں سے بالاتر ہوکر کارروائی کرنا ہوگی، بصورت دیگر پاکستان کے بے گناہ عوام اسی طرح نشانہ بنتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ حب پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درگاہ شاہ نورانی پر دہشتگردانہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے، آج پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان بنانے کے مخالفین کی اولادیں آج پاکستانیوں کو قتل کر رہی ہیں اور حکمران بھی ان کے سپورٹر بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو دہشتگردوں کیخلاف تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر کارروائی کرنا ہوگی، پوری قوم اور خاص طور پر حکومت کو دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کیلئے پاک فوج کیساتھ ہونا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان پر درست سمت پر عمل کرنا ہوگا اور محب وطن قوتوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/