رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیرخارجہ ابراہیم جعفری نے جرمن میگزین فرینکفورٹر الگمانیہ سے گفتگو کے دوران شمالی عراق میں داعش کے زیرقبضہ علاقوں میں کا رروائیوں کے بہانے ترکی کے حملوں میں اضافے کی بابت ترک حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے شمالی عراق سے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کے تعلق سے عراقی حکام کے سبھی احکامات کو نظرانداز کیا ہے-
عراقی وزیرخارجہ نے داعش کے قبضے سے موصل شہر کی آزادی کی کارروائیوں کے بارے میں کہاکہ عراق کو اپنے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کو ترکی کی فوجی موجودگی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ غیر ملکی مداخلتوں سے دہشت گردوں کی کمر نہیں توڑی جا سکتی۔
عراقی وزیر خارجہ نے موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں عراقی افواج کی پیشقدمی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج کے شانہ بشانہ عراق کی عوامی رضاکار فورس کی موجودگی کے پیش نظر عراق میں غیرملکی فوجی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰