22 November 2016 - 23:23
News ID: 424618
فونت
بشار جعفری:
اقوام میں شام کے مستقل مندوب نے اپنے ملک میں جاری دہشت گردی کو سعودی عرب کی تکفیری سوچ کی پیداوار قرار دیا ہے۔
بشار جعفری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں شام مستقل مندوب بشار جعفری نے کہا کہ  داعش اور جبہۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہ سعودی عرب کے تکفیری نظریات کی پیداوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری سوچ کے حامیوں نے شام میں دہشت گردی باہر سے بھیجی ہے اور دنیا بھر سے دہشت گردوں کو جمع کرکے شام روانہ کیا ہے۔

بشار جعفری نے شام کے بارے میں بعض علاقائی ملکوں اور عالمی طاقتوں کے دوہرے معیاروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق، یمن، لیبیا یا دنیا کے دیگر علاقوں کو جس دہشت گردی کا سامنا ہے شام بھی اسی دہشت گردی کا شکار ہے۔

انہوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے جنگی طیارے شام میں  بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ان حملوں میں سیکڑوں عام شہری مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  شامی فوج کے ٹھکانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا، مغرب کی جانب سے دہشت گردی کی لعنت کی کھلی حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بشار جعفری نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ اقوام متحدہ اور بعض ممالک مغربی مفادات کے نگہبان اور محافظ بنے ہوئے ہیں اور شامی عوام کی مشکلات کو خاطر میں لائے بغیر خالص انسانی معاملات کو سیاسی رنگ دیکر حکومت شام کے خلاف مخاصمانہ اقدامات انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب روس نے اقوام متحدہ پر شام کے شہر حلب میں جنگ بندی کے دوران امداد رسانی میں کوتاہی برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ گنادی گاتیلوف نے کہا کہ اقوام متحدہ نے حلب میں انسانی امداد کی فراہمی کی غرض سے اب تک انجام پانے والی جنگ بندی کے دوران امدارسانی اور شہریوں کے انخلا کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حلب میں جنگ بندی کے دوران تقریبا دو سو عام شہریوں کو لڑائی والے علاقے سے محفوظ مقام پر منتقل کرے گی لیکن ایک بھی شہری کو علاقے سے باہر نہیں نکالا گیا ۔ روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گرد جنگ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو علاقے میں پھر سے منظم کر رہے ہیں۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ روسی فضائیہ نے ، شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق شامی فوج اس وقت مشرقی حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی جانب پیشقدمی کر رہی ہے جبکہ روسی فضائیہ اس آپریشن میں فضائی سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬