حجت الاسلام سید رضی جعفر نقوی:
حکومت نے ہمیشہ بیلنس پالیسی کے تحت حق کی آواز کو دبایا ہے
وفاق علماء شیعہ پاکستان کے سربراہ نے کہا : ممتاز عالم دین اور معروف سماجی رہنما حجت الاسلام شیخ محسن نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا ملت جعفریہ کے ساتھ زیادتی ہے۔
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وفاق علماء شیعہ پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام سید رضی جعفر نقوی نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : ہم نئے آرمی چیف سے پُراُمید ہیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کو آگے بڑھائیں گے اور آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف بھی اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر وفاق علماء شیعہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجت الاسلام اختر حسین نسیم، شیعہ علماء کونسل ملتان کے ضلعی صدر حجت الاسلام سید کاشف ظہور نقوی اور شیعہ علماء کونسل کے رہنما بشارت عباس قریشی موجود تھے۔
حجت الاسلام رضی جعفر نقوی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر شرانگیزی قابل مذمت ہے، حکومت کو ہر سطح پر احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ اقدامات بھی کرنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ بیلنس پالیسی کے تحت حق کی آواز کو دبایا ہے، دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ بے گناہوں کو بھی دہشتگردوں کی لسٹ میں شامل کرکے دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، جو حکومت کا قابل مذمت اقدام ہے۔
حجت الاسلام رضی جعفر نقوی نے کہا : ممتاز عالم دین اور معروف سماجی رہنما حجت الاسلام شیخ محسن نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا ملت جعفریہ کے ساتھ زیادتی ہے، حکومت فی الفور جید عالم دین کا نام فورتھ شیڈول سے نکالے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/