رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں وسطی پنجاب کے مسئولین کے اجلاس سے خطاب میں کہا : دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کسی بھی قسم کی نرمی یا کوتاہی کا خمیازہ ہماری آنے والی نسلیں بھگتیں گی، نیشنل ایکشن پلان ملکی سلامتی کا ضامن ہے اس کیخلاف کسی بھی سازش کو قوم قبول نہیں کریگی،
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : ہزاروں شہداء کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں، حکمران اپنی کرسی سے زیادہ ملکی سلامتی و بقا کی فکر کریں۔
انہوں نے کہا کالعدم انتہا پسند دہشت گردجماعتوں کو گلے سے لگانے والے ان کے سیاسی سرپرستوں کو عزائم سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، ملکی سلامتی کے دشمنوں اور شہدائے پاکستان کے قاتلوںکو سیاسی پناہ دینے والوں کو بے نقاب کرنا ہوگا،حکمرانوں کی سیاسی مفادات کے خاطر ملکی سلامتی کو داوُ پر لگایا جا رہا ہے،جسے کوئی بھی محب وطن قبول کرنے کو تیار نہیں ۔
انہوں نے کہا : دہشتگردی ،دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کیخلاف قوم کو متحد ہونا ہوگا ،پاکستان کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ اپنے آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے،ہم کسی بھی صورت دہشتگردی کیخلاف جنگ اور نیشنل ایکشن پلان کے خلاف سازش کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔
قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کو انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دینگے،پاکستان میںبسنے والے ہر مذہب اور ہر مسلک کے لوگ پاکستانی ہے،ہمیں بحثیت پاکستانی و مسلمان سب کے حقوق کا احترام کرنا چاہیئے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/