عراق کے وزیراعظم نے داعش کے خلاف جنگ میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جرآت و بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ نینوا کے ایک تہائی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزادا کرا لیا گیا۔
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہونے والے شہر حمام العلیل میں عام شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا کہ مغربی الانبار اور شمالی صلاح الدین کے مقابلے میں صوبہ نینوا میں عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کی کامیابی کی رفتار کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے موصل فوجی آپریشن اور عام شہریوں کی، محفوظ مقامات پر منتقلی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی سیکورٹی فورس کے جوان، اس سے کہیں زیادہ تیزی کے ساتھ پیش قدمی کررہے ہیں کہ جس کی آپریشن کے منصوبے میں پیش گوئی کی گئی تھی۔
عراقی وزیر اعظم نے آزاد ہونے والے علاقوں کے عوام کی جانب سے فوج اور عوامی رضاکار فورس کے شاندار استتقبال اور حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ نینوا میں جاری آپریشن کے دوران انسانی حقوق کا مکمل پاس و لحاظ رکھا جا رہا ہے اور تاحال کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مشرقی موصل کے متعدد نواحی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جس میں ایک اہم صنعتی علاقہ بھی شامل ہے۔
عراقی فوج نے مذکورہ صعنتی علاقے کو آزاد کرانے کے بعد اب باب الشّمش کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے جو یونس نامی علاقے میں داخلے کا راستہ شمار ہوتا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/