رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردی اور علاقے کی قوموں کے درمیان تفرقہ اندازی کو دشمنوں کی دو بڑی سازشوں سے تعبیر کیا-
ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو عراق کی نیشنل الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم اور ان کے ہمراہ وفد کے ساتھ ملاقات میں، مسلمانوں میں ہوشیاری اور اتحاد کے تحفظ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شک نہیں ہے کہ علاقے کی مظلوم قومیں خاص طور پر عراقی عوام، اپنے اتحاد کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو حتمی کامیابی سے ہمکنار کریں گے-
صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی سازشوں اور ان میں سر فہرست دہشت گردی کے مقابلے میں عراقی عوام اور حکومت کی سیاسی اور فوجی کامیابیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، کہا کہ ایران کی حکومت اور قوم، اس جدوجہد میں علاقے منجملہ عراقی قوم کے ساتھ ہے اور اس راہ میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی-
عراق کی نیشنل الائنس کے سربراہ نے بھی عراق کی حکومت اور قوم کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ بغداد دونوں ملکوں کی قوموں کے درمیان باہمی روابط کے پیش نظر ایران اور عراق کے درمیان ایسے تعلقات کا خواہاں ہے جو علاقے میں مثالی نمونہ ہوں-
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ آج فلسطین اور قدس شریف کا مسئلہ، دنیا کی تمام اقوام کے لئے ایک اہم ہدف میں تبدیل ہو گیا ہے اور قدس کی آزادی اور فلسطینی قوم کے حقوق کی بازیابی کا مسئلہ، علاقے کا اولین مسئلہ ہونا چاہئے-
ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ دشمن کی سازشیں اور پروپیگنڈے ہماری جدو جہد کی راہ میں حائل نہیں ہونے چاہئے، کہا کہ اس تحریک اور فلسطینی کی دیگر تحریکوں اور تنظیموں پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں-
صدر مملکت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران نے آغاز انقلاب سے ہی فلسطینیں کی حمایت کی ہے، کہا کہ ایرانی قوم اور حکومت ہمیشہ اس راہ پر گامزن رہے گی اورملت فلسطین کی حمایت سے دریغ نہیں کرے گی-
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے جنرل سیکریٹری نے بھی اس ملاقات میں، فلسطینی عوام اور تحریک مزاحمت کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام تمام تر دباؤ کے باوجود، صیہونی حکومت کے زوال تک بدستوراس غاصب حکومت کے خلاف نبرد آزما رہیں گے-/۹۸۸/ن۹۴۰