14 December 2016 - 16:29
News ID: 425055
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران نے داعش کے تسلط سے شام کے شہر حلب کی آزادی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شامی عوام اور حکومت کی استقامت کا نتیجہ قرار دیا۔
حلب شہر مکمل طور پر آزاد

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ ڈاکٹر علی لاریجانی نے حلب کی آزادی کو علاقائی بحرانوں کے حل کا پیش خیمہ قرار دیا۔ پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شام کے شہر حلب کی آزادی، عراق کے شہر موصل کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی اور اس کے نتیجے میں علاقائی بحرانوں کے حل کا راستہ کھل جائے گا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شام اور عراق کے عوام کی حالیہ کامیابیوں پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، دہشت گردوں سے حتمی نجات حاصل کرنے کے لئے شام اور عراق کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے شام، عراق، لیبیا اور یمن میں امریکہ اور مغرب کی مکارانہ پالیسیوں کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمی محاذ نے مغرب کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔

ایران کے اسپیکر نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک، اپنی اسلحہ ساز فیکٹریوں کو رونق بخشنے اور خطے میں اپنی ناکام جارحانہ پالیسیوں سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی غرض سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلائے رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بھی حلب کی آزادی کو شامی عوام اور فوج کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی عظیم کامیابی قرار دیا۔

علی شمخانی نے کہا کہ مغربی ممالک نے مختلف طریقوں سے شامی فوج کو اس کامیابی سے روکنے کی کوشش کی تاہم انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے حلب کی آزادی پر شامی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران، شروع ہی سے شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا آیا ہے۔

ایران کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بھی شام کے شہر حلب کی آزادی کو شامی فوج اور اس کے اتحادیوں کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔

ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی شام کے عوام اور حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے، حلب کی آزادی کو فتح رقہ کی کنجی اور شام میں دہشت گردوں کی بیخ کنی کا نقطہ آغاز قرار دیا۔

ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر، بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے بھی اپنے بیان میں حلب کی آزادی کو اسلامی دنیا میں سامراجی طاقتوں کی سیاسی اور فوجی شکست کے مترادف قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حلب کی آزادی، اسلامی جہدو جہد کا پرچم لہرائے جانے اور امریکہ، مغرب، سعودی عرب، قطر، ترکی اور دیگر فریب خوردہ ملکوں کی شکست اور عالمی سامراج کے زوال کا نقطہ آغاز ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی جنرل یحی رحیم صفوی نے بھی حلب کی آزادی کو ایران، روس، شام اور حزب اللہ کے درمیان اتحاد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق کا شہر موصل بھی عنقریب داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہو جائے گا۔/۹۸۸/ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬