رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیۃ اللہ ہاشمی رفسنجانی نے تہران میں فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل رمضان عبداللہ کے ساتھ ملاقات میں فلسطینی قوم کو دنیا کی مظلوم ترین قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے اور حتی دنیا میں رونما ہونے والی بہت سی عوامی تحریکوں کی جڑیں، فلسطینی عوام کے خلاف ظلم وستم اور اس علاقے کے عوام میں بیداری سے ملتی ہیں-
آیۃ اللہ ہاشمی رفسنجانی نے کہا کہ طالبان، القاعدہ، داعش، جبھۃ النصرہ، بوکوحرام اور دسیوں دیگر دہشت گرد گروہوں کا وجود، غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں سے غفلت اور فلسطینی عوام کی امنگوں اور اہداف کی حمایت سے انحراف کا نتیجہ ہے-
رمضان عبداللہ نے بھی اس ملاقات میں علاقے کی سیاسی تبدیلیوں اور بدامنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے اپنے مشترکہ دشمن، صیہونی حکومت سے بے توجہی کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کو بھلا دیا ہے-
انہوں نے اسی طرح شام کی تقسیم کو مزاحمتی محاذ کو کمزور کرنے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ بعض عرب ممالک، قدس کی غاصب حکومت کی مدد کے لئے اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں-/۹۸۸/ن۹۴۰