رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور کی دوسری برسی کے موقع پر فیصل آباد، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع کے مختلف شہروں میں تقریبات منعقد ہوئیں، جن کے شرکاء نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر قربانی دینے کا عہد کیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام صدر بازار سے شہباز چوک تک واک کی گئی، جس کی قیادت ڈی سی او عامر اعجاز اکبر نے کی، جبکہ واک میں ڈی پی او عثمان اکرم گوندل، ای ڈی او زراعت شہزاد صابر، ریسکیو انچارج میاں فراز منیر، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں فرخ اقبال، طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چنیوٹ کے ڈی پی او آفس میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈی پی او کیپٹن (ر) مستنصر فیروز اور آفس کے عملے نے شرکت کی۔
جھنگ کے سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں ہونے والے سیمینار میں ای ڈی او سی ڈی غلام اصغر جلبانی، ڈی او سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل، ڈی او کوآپریٹو مہر عمر دراز، فضل عباس، ریاض حسین عشرت، احسان اللہ کمبوہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری شریک ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے سنٹرل سٹیشن میں بھی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین، طاہر عباس، اصغری پروین اور محمد زبیر سمیت تمام ریسکیو اہلکاروں نے شرکت کی۔
مختلف سکولوں میں بھی محافل اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ لالیاں کے نجی تعلیمی ادارے میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پیر محل اور کمالیہ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں، جن کے شرکاء سے بشیر ربانی، عمارہ عمر، سجاد علی، آصف جیلانی اور حمیرا صدیقہ امین نے خطاب کیا جبکہ گورنمنٹ پی ایس ٹی پوسٹ گریجوایٹ کالج کمالیہ میں تعزیتی اجلاس پرنسپل پیر قطب الحق چشتی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔
ڈویژنل پبلک سکول میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر چودھری خالد محمود تھے جبکہ صدارت سکول کی پرنسپل مسز بشریٰ سہیل نے کی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/