رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مہر خبررساں ایجنسی نے اینڈپینڈٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترک حکومت نے سوشل میڈیا پر ترک حکام پر تنقید کے الزام میں ایک ہزار 656 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ترک وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان گرفتاریوں کے علاوہ 10 ہزار کے قریب سوشل میڈیا صارفین کے بارے میں تحقیقات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق ترک وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی نشاندہی پر 3 ہزار 710 افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جاچکی ہے جب کہ حراست میں موجود ان افراد میں سے 12 سو افراد کو آزمائشی طور رہا اور 767 افراد کو الزامات ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا تاہم 84 افراد اب بھی پولیس کی حراست میں موجودہیں۔
ان افراد پر عائد کیے جانے والے الزامات میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، لوگوں میں نفرت انگیز جذبات کو فروغ دینا، دہشت گردوں کے پروپیگنڈے کی تشہیر، دہشت گرد گروہوں سے تعلق کا اعلان، ریاست اور ریاستی افراد کی تضحیک اور شہریوں کے تحفظ کو نشانہ بنانے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/