رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 2016ء حکومتی نااہلی و ناکامی کا سال تھا۔ 2017ء کے دوران اپوزیشن متحد ہوکر کرپٹ حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔ حکام خوشحال اور عوام بدحال ہوگئی ہے۔ شریف خاندان نے سیاست کو دولت سازی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد کے طلباء اور اساتذہ کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جعلی جمہوریت حکمران اشرافیہ کیلئے نفع بخش اور عوام کیلئے بے ثمر ثابت ہوئی ہے۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت چل رہی ہے، بدنام اور ناکام حکمران چار سالوں میں وزیر خارجہ کا تقرر بھی نہیں کر سکے۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ نئے سال کے آغاز پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ 2017ء حکومت کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا۔ ن لیگ کا چار سالہ اقتدار ناکامیوں کی شرمناک داستان ہے، انتخابی وعدے پورے نہ کرنیوالے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، حکومتی خزانہ عوام کی بجائے حکام پر لٹایا جاتا ہے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام چھوٹی بڑی اپوزیشن جماعتوں کا وسیع تر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، عوام اور اپوزیشن کو متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰