![شامی جنگجو](/Original/1395/10/17/IMG22160376.jpg)
رسا نیوز ایجنسی کی المیادین ٹی وی سے رپورٹ کے مطابق ، جنوبی شام کے قنیطرہ علاقے کے بیت سابر ، بیت تیما ، سعسع ، حسنو ، اور کفر حور دیہاتوں کے دو سو مسلح مخالفین ، حرمون نامی بریگیڈ تشکیل دے کر فوج سے ملحق ہو گئے ہیں -
شامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ ان علاقوں میں ایک ہزار سے زیادہ مسلح مخالفین موجود ہیں اور وہ بھی امن معاہدے کی بنیاد پر فوج میں شامل ہونے والے ہیں -
رپورٹ کے مطابق مہینوں سے برسرپیکار اس گروہ کے فوج کے ساتھ آملنے سے مقبوضہ جولان کے قریبی علاقوں میں قیام امن میں مدد ملے گی -
صیہونی حکومت نے انیس سو سڑسٹھ کی چھے روزہ جنگ میں جولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا اور ایک عرصے کے بعد، اسے اپنے علاقوں میں ضم کر لیا تھا جسے عالمی برادری نے آج تک تسلیم نہیں کیا ہے-
حکومت دمشق نے با رہا اعلان کیا ہے کہ تل ابیب حکومت اور اس کے علاقائی و مغربی اتحادی ، اس علاقے میں حکومت شام کے خلاف لڑنے والے دہشت گردوں کی حمایت کررہے ہیں - شامی فوج ، اس علاقے میں اب تک کئی بار دہشت گردوں کے قبضے سے اسرائیلی ساخت کے ہتھیاروں کی کھیپ ضبط کر چکی ہے -
شامی فوج کے ہاتھوں اپنے ملک کے وسیع علاقوں کی آزادی اور شہرحلب کے مشرقی علاقوں سے تکفیری اور دہشت گرد گروہوں کے مکمل انخلاء کے بعد پورے شام میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے -
اس جنگ بندی میں جبہت النصرہ ، داعش اور اس سے وابستہ دیگر دہشت گرد شامل نہیں ہیں - اور شامی حکومت اور اس کے مخالفین کے نمائندوں کے درمیان جلد ہی قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں امن مذاکرات ہونے والے ہیں -/۹۸۸/ ن۹۴۰