![افغانستان](/Original/1395/10/19/IMG21023630.jpg)
رسا نیوز ایجنسی کی تسنیم نیوز سے رپورٹ کے مطابق ، افغان سینیٹ کے ارکان نے اتوار کو ایک اجلاس میں، امریکہ پر افغانستان میں امن و استحکام قائم کرنے میں دوغلی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کیا ہے- افغان سینیٹ کے چیئرمین فضل الھادی مسلم یار نے اس بارے میں کہا کہ امریکہ افغانستان کا اچھا اتحادی نہیں ہے اور وہ اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہا ہے۔
افغان سینیٹ میں قندھار کے نمائندے رحمت اللہ اچکزئی نے بھی اس ملک کے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ افغان عوام کو اس بدحالی اور مصیبت سے نجات دلائیں تو امریکہ کے ساتھ سیکورٹی معاہدے کو غیر مشروط طور پر منسوخ کردیں-
اس سے قبل افغان پارلیمنٹ میں بلخ کے عوامی نمائندے مولوی عبدالرحمان رحمانی نے بھی اپنے ملک میں بدامنی میں اضافے پر امریکہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ افغانستان کے سیکورٹی معاہدے پر نظرثانی کی ضرورت ہے کیونکہ اس معاہدے پر دستخط کے بعد بدامنی میں اضافہ ہوا ہے اور سیکورٹی معاہدے نے افغان عوام کی مشکلات کے حل میں کوئی مدد نہیں کی ہے-
واضح رہے کہ کابل - واشنگٹن سیکورٹی معاہدے پر اشرف غنی کے عہدۂ صدارت سنبھالنے کے بعد دستخط کئے گئے- افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے اس معاہدے پر دستخط نہیں کئے تھے۔/۹۸۸/ ف۹۴۰