رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، ملت جعفریہ کے نمائندہ وفد نے معروف عالم دین حجت الاسلام عون نقوی کی قیادت میں کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دی۔
اس موقع پر مولانا غلام علی عارفی، مولانا شیخ حسن قمی، مولانا خلیل احمد کمیلی، مولانا سخاوت حسین حیدری، لخت حسنین زیدی اور اتحاد بین المسلمین کے داعی حاجی اختر کربلائی موجود تھے، جبکہ نو منتخب صدر سراج احمد، سیکریٹری جنرل مقصود احمد یوسفی اور نائب صدر سید منہاج الرب کے علاوہ کابینہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے، جنہوں نے علماء کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر حجت الاسلام عون نقوی نے کہا کہ کراچی کے صحافی ملک بھر کے مظلوموں اور پسماندہ عوام کی ترجمانی کرکے حقوق کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، علماء سمیت زندگی کے تمام شعبوں کے سرکردہ رہنماؤں کا تعاون بھی ان کے شامل حال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لکھے پڑھے اور قلمکار لوگوں کا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی صحافت کو مقدس فریضہ اور بڑی قوت قرار دیا اور 24 مئی 1944ء کو کشمیر میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رائے رہنمائی کرسکتی ہے اور صحافت ملت کی عکاس ہوتی ہے۔
حجت الاسلام عون نقوی نے مزید کہا کہ کراچی پریس کلب کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، جس کا اثر بین الاقوامی طور پر ظاہر ہے۔ بعد ازاں علماء کرام نے تمام الیکٹرانکس اور پرنٹ میڈیا کے اراکین اور صحافی برادری کی ترقی کیلئے دعا کی۔/۹۸۹/ ۹۴۰