
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم، پاک سرزمین پارٹی، تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کی بڑی تعداد نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے بڑے نام بھی شامل ہونگے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے اعلان کیا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کا تعلق متحدہ، پی ایس پی، پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ علماء کمیٹی کے مولانا سجاد حسین بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں، کراچی کی سیاست میں یہ خوشگوار تبدیلی ہے، انہوں نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ جلد ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، (ن) لیگ کے بڑے نام بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونگے۔ رہنما پی پی نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کراچی سے بڑی تعداد میں نشستیں لیں گے۔ /۹۸۹/ ف۹۴۰