رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینیئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایران کے سابق صدرآیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی انقلابی، سیاسی اور دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آغا سید حسن نے کہا کہ مرحوم ہاشمی رفسنجانی کا شمار ایران کی ان با اثر دینی شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے حضرت امام خمینی (رہ) کی سترہ سالہ انقلابی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مرحوم ایرانی قوم کی بے انتہا تائید و حمایت سے دو بار صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہوئے۔
آغا سید حسن نے کہا کہ آیت اللہ رفسنجانی نے از حد تدبیر و تدبر اور بے پایاں قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر حضرت امام خمینی (رہ) کی سرپرستی میں ایک ایسے نازک دور میں ایران کی باگ ڈور سنبھالی، جب دنیا کی تمام استکباری قوتیں بالخصوص مغربی ممالک انقلاب اسلامی ایران کو سبوتاژ کرنے اور ایرانی قوم کو جھکانے کیلئے کمر بستہ ہوچکے تھے اور سازشوں پر سازشیں رچانے میں مصروف تھے۔
واضح رہے کہ آیت اللہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کا 82 سال کی عمر میں اتوار 8 جنوری کو انتقال ہوا۔/۹۸۹/ ف۹۴۰