رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے شاہ پور کانجران لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ اور پنجاب حکومت کالعدم تنظیموں کی سرپرستی ختم کریں، قیام امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پرعملدر آمد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے سفید ہاؤس میں مسلمانوں کیخلاف ہمیشہ کالے فیصلے ہوئے ہیں، کالے دھن اور کالے من والوں نے جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے، ن لیگ کی حکومت نے عوام کو ڈاکوں، فاقوں اور دھماکوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، حکّام کیلئے عشرت کدہ اور عوام کیلئے ظلم کدہ بن چکا ہے، تاجر صفت حکمرانوں کی سیاست پیسے کیلئے اور پیسے کے ذریعے ہے، کھرپ پتی سیاستدانوں اور حکمرانوں نے سیاست کو دولت کا کھیل بنا دیا ہے، بالادست طبقہ ملکی وسائل پر قابض ہے،غریب عوام کو جعلی جمہوریت سے کچھ نہیں ملا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاناما زدہ حکمران ملک او رعوام کے مسائل حل نہیں کر سکتے، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے ہر طبقہ پریشان ہے، ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کیلئے سیاست میں پیسے کا عمل دخل ختم کرنا ہوگا، نااہل حکمرانوں پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/