رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتوار کو پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض اسلامی ملکوں خاص طور پر ایرانی شہریوں کے لئے ویزا جاری نہ کئے جانے کے امریکی حکومت کے اقدام نے ثابت کردیا ہے کہ اس کے انسانی حقوق اور جمہوریت پسندی کے مکار چہرے کے پیچھے اس کی پرتشدد نسل پرستانہ سرشت پوشیدہ ہے -
ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دہشت گردانہ اقدامات پر تشویش کے بہانے ایران کا نام لینا ایک مذاق سے زیادہ کچھ نہیں لگتا کہا کہ یہ بات کسی کے لئے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ ایران برسوں سے تن تنہا دہشت گردی کے سامنے ڈٹا ہوا ہے -
انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت اس وقت خود سے ہی خوف زدہ ہے اور غلط فہمی کا شکار ہوچکی ہے - ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نےزوردے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے پرعزم ہے اور بعض ملکوں کی بچکانہ حرکتوں کا شکار نہیں ہوگی -
قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی ٹرمپ حکومت نے ایران ، عراق ، سوڈان ، صومالیہ ، لیبیا ، شام اور یمن جیسے اسلامی ممالک کے پناہ گزینوں اور مہاجرین پر امریکہ میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ہے- /۹۸۸/ن۹۴۰