02 February 2017 - 17:07
News ID: 426072
فونت
سراج الحق:
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا : جماعت اسلامی کرپشن اور کرپٹ سسٹم کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔
سینیٹر سراج الحق

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑنے کی بجائے کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خلاف مل کر لڑنا چاہیے۔ حکمران خاندان پاناما کیس میں تکنیکی اور قطری خطوط کا سہارا لے کر حقائق کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے سے اہم کام کوئی نہیں ہو سکتا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ محترم جج عظمت سعید کی بیماری کی وجہ سے عدالت میں پاناما لیکس کی سماعت ملتوی ہو گئی ہے دوبارہ سماعت کے لیے 3 سے 4 دن میں فیصلہ ہو جائے گا۔ پاناما لیکس کی سماعت کے لیے جج حاضر تھے مگر جسٹس عظمت سعید کی غیر حاضری کی وجہ سے سماعت نہ ہو سکی۔ ہماری دعا ہے کہ جسٹس عظمت سعید جلد صحت یاب ہوں اور پانامہ لیکس مقدمہ جلد اپنے اچھے انجام تک پہنچ جائے۔ ہماری جنگ کرپشن کے خلاف ہے، کرپشن کے خاتمہ تک ہماری جنگ جاری رہے گی، کرپشن کے خلاف لڑنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایوان میں کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑنے کی بجائے کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خلاف مل کر لڑنا چاہیے۔ کرپشن کی وجہ سے عوام بے روزگار اور غربت کی شکار ہے، کرپشن ہمارے ہر ادارے میں موجود ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد معلوم ہوا کہ کرپشن میں حکمران خاندان بھی شامل ہے، ہم عدالت اس لیے آئے ہیں کہ وہ کرپشن کے خلاف جامع لائحہ عمل دے تا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو، کرپشن کرنے والا حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ مجھے خوشی ہے کہ قوم کے اندر کرپشن کے خلاف ردعمل پیدا ہو چکا ہے۔ پانامہ لیکس کی آخری سماعت کے دوران ججوں نے ریمارکس دیے تھے کہ حکمران خاندان کو سچ بتانے کی ضرورت ہے۔ حکمران خاندان کے وکلاء نے تکنیکی اور بیرونی خطوں کا سہارا لے کر حقائق کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف ہے چاہے وہ اپوزیشن کرے یا حکمران جماعت کرے۔ پانامہ لیکس میں جن 6 سو پاکستانیوں کے نام آئے ہیں ان کا احتساب کرنا بھی ضروری ہے، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ وہ ہماری دوسری پٹیشن کو بھی اس کے ساتھ سنا جائے تا کہ پانامہ میں جن کا نام آیا ہے ان کا احتساب ہو جائے۔ معاشرے کو کرپشن اور کرپٹ لوگوں سے صاف کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کو سزا دی جائے اور جیل میں ڈالا جائے تا کہ ان سے قوم کا لوٹا ہوا پیسا واپس لیا جائے ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے زیادہ اہم کام کوئی نہیں ہے، اس لیے 10 مہینوں سے جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف مہم چلا رہی ہے، جماعت اسلامی کرپشن اور کرپٹ سسٹم کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬