رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ حکم نامے اور مسلم ممالک پر پابندی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے ڈونلڈ ٹرمپ کو تجاویز دے دیں۔
شوشل میڈیا پر رحمان ملک نے ٹوئیٹر پیغام کے ذریعے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 8 تجاویر دی ہیں، جن میں رحمان ملک کا کہنا ہے کہ مسلمان دہشتگرد نہیں، دہشتگردی کیخلاف مسلمانوں کی طرف سے جاری جنگ پر امریکہ کو حمایت کرنی چاہیے۔
ٹوئیٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں نفرت پھیلانے کی بجائے محبت کا پیغام دیں، ڈونلڈ ٹرمپ کو ہر مذہب کا احترام اور فرقہ واریت پھیلانے سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ رحمان ملک نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مینڈیٹ کا احترام کرتا ہوں لیکن انہیں مسلمانوں کیخلاف جاری یہ جنگ ختم کرنا ہوگی۔ مسلمان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکہ کے ہر حکم کی تعمیل کرتے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر اور سیاسی رہنما عابدہ حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے مسلمان ملکوں کے سربراہوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپس میں اتحاد کر کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باور کرائیں کہ ان کے مسلمانوں کے خلاف اقدامات انتشار پر مبنی ہیں، انہیں روکا جائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک میں اس اقدام کو نہیں سراہا گیا اور ٹرمپ اپنے ہی ملک میں متنازع ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے خلاف امریکہ میں بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیخلاف بیانات، میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے فیصلے سمیت متعدد اقدامات پر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ٹرمپ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ورنہ نقصان امریکہ کا بھی ہو سکتا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰