رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپول کے سربراہ راب ون رائٹ نے اس بات پر سخت تشویش ظاہر کی ہے کہ عراق اور شام میں شکست کے بعد دہشت گرد گروہ داعش نے یورپ میں دہشت گردانہ حملوں کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
ون رائٹ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد یورپ میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں اور سیکورٹی ادارے ، سن دوہزار سولہ کے مقابلے میں دس گنا زیادہ معلومات یورو پول کو فراہم کر رہے ہیں۔
یورپی پولیس کے سربراہ نے مزید کہا کہ یوروپول نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران یورپ آنے والے چھے ہزار سے زیادہ مہاجرین کی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کہ تازہ آنے والے مہاجرین، یورپ کی سلامتی کے لئے متحرک خطرہ ہوسکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سن دوہزار سولہ کے دوران جرمنی کو دہشت گردی کے سات حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے دوران بائیس افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/