
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر ریاض حسین شاہ نے لاہور میں علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے : جماعت اہلسنّت دہشتگردوں کی فکری و نظریاتی مزاحمت کیلئے تھنک ٹینک قائم کرے گی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : تھنک ٹینک میں جید علماء، مفتیان کرام اور سینئر دینی سکالرز کو شامل کیا جائے گا۔
سید ریاض حسین شاہ نے کہا : جماعت اہلسنّت کا تھنک ٹینک انسداد دہشتگردی کیلئے سفارشات تیار کرے گا، تھنک ٹینک میں شامل علماء دہشتگردوں کے گمراہ کن فہمِ اسلام کو ردّ کریں گے۔ اسلام کی تعلیمات امن کو اجاگر کرنے کیلئے خطبات تیار کئے جائیں گے۔
انہوں نے بیان کیا : جماعت اہلسنّت نوجوان نسل میں امن پسندی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ملک گیر مہم چلائے گی اس سلسلہ میں ملتان، نوابشاہ، ہری پور اور دوسرے شہروں میں کانفرنسیں منعقد کرنے کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔
علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا : اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنیوالے مجاہدین نہیں مفسدین ہیں، اسلام نے فساد فی الارض کو سنگین ترین جرم قرار دیا ہے، انتہا پسندی پر مبنی مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کیلئے تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں، جعلی جہاد نے اسلام اور مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/