رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے جمعے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم ان دہشت گردوں کا تعاقب کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں جنھوں نے ہمارے شہریوں اور بچوں کا قتل عام کیا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : اس لئے عراقی فضائیہ کو شام کے علاقوں حصیبہ اور البوکمال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں-
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں ہی بغداد کے حالیہ بم دھماکوں کے ذمہ دار عناصر روپوش ہیں۔
عراق کے وزیر اعظم کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ عراقی فوج، موصل کے مغربی علاقوں میں پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حی الطیران اور حی المامون نامی علاقوں میں داخل ہو گئی ہے اور اس نے تل الزلط قصبے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
اس سے قبل عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے جمعرات کے روز اعلان کیا تھا کہ مسائل ومشکلات کے باوجود مغربی موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/